نئی دہلی،12، /ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اتراکھنڈ کابینہ نے ایک تجویز کو منظوری دیتے ہوئے نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت جرمانے میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گجرات اور کرناٹک ایسی ریاستیں ہیں جو پہلے ہی یہ قدم اٹھا چکی ہیں۔ایسے میں اتراکھنڈ حکومت نے جہاں کچھ قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کی قیمت آدھی کر دی ہے، وہیں بغیر ہیلمیٹ گاڑی چلانے، تیز رفتار اور دو پہیہ گاڑی پر تین افراد کے بیٹھنے پر لگنے والے جرمانے میں کوئی راحت نہیں دی ہے۔یہ بات کابینہ اجلاس سے واپس آ رہے ریاستی حکومت کے ترجمان مدن کوشک نے بتائی۔اتراکھنڈ کے اربن ڈیویلپمنٹ منسٹر بھی مدن کوشک ہی ہیں، جنہوں نے آگے بتایا کہ نیا جرمانہ تب نافذ کیا جائے گا جب حکومت اس پر نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔کوشک نے گھٹائے گئے چالان کے بارے میں بتایا کہ دانستہ شخص کے ذریعہ اور نابالغ کے ذریعہ گاڑی چلانے کا جرمانہ پہلے 1,000روپے تھا جسے مرکزی حکومت کی طرف سے5,000 روپے کر دیا گیا، اب ہم اسے 2,500روپے کر رہے ہیں۔موبائل پر بات کرتے ہوئے گاڑی چلانے پر لگنے والے 5,000روپے جرمانے کو بھی2,500روپے کیا جائے گا۔